اسلام آباد(نیوز ڈیسک )سعودی عرب میں وزٹ ویزے پر آنے والے تارکین وطن کو آئندہ ماہ سے سعودی کو آپریٹوہیلتھ انشورنس کونسل سے لائنس یافتہ سات کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کمپنیوں سے ہیلتھ انشورنس کرانا لازمی ہوگا۔ اس کے بغیر کسی کو بھی ملک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہیلتھ انشورنس پالیسی کا اطلاق تارکین وطن اور ان کے زیرکفالت افراد پر ہوگاتاہم حج و عمرہ زائرین ،سرکاری مہمان ،سفارت کار، غیرملکی سفارتخانوں میں آنے والے افراد اور بزنس کی غرض سے سعودی عرب آنے والے بین الاقوامی اداروں پر یہ شرط لازم نہیں ہوگی۔انشورنس پالیسی کی زیادہ سے زیادہ پریمیئم ایک لاکھ سعودی ریال یا 26ہزار 664امریکی ڈالر ہوگی۔ یہ رقم میڈیکل چیک اپ، تشخیص، علاج، ا دویات،اسپتال میں داخلے کے اخراجات،حمل و بچوں کی پیدائش،دانتوں کے علاج،ڈائیلائسز،طبی بنیادوں پر مریضوں کی سعودی عرب سے بیرون ملک منتقلی اور حادثاتی طورپر زخمی ہوجانے والے افرادپر خرچ ہوسکے گی۔