اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی اور صنعتی صارفین کو ریلیف دینے کے لیے 400 میگاواٹ بجلی کی ویلنگ نیلامی میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس منصوبے کی باضابطہ منظوری بھی دے دی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد کم لاگت پر بجلی حاصل کرکے صنعتوں کو سستی توانائی فراہم کرنا ہے۔منصوبے کے تحت بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں سے براہ راست بجلی خریدی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے پنجاب حکومت انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (ISMO) کی جانب سے منعقد ہونے والی پہلی ویلنگ نیلامی میں شرکت کرے گی۔محکمہ توانائی پنجاب کی تیار کردہ تجویز کے مطابق خریدی جانے والی بجلی موجودہ ترسیلی نظام کے ذریعے صارفین تک پہنچائی جائے گی، تاہم اس سہولت کے استعمال پر مقررہ نیٹ ورک چارجز ادا کرنا ہوں گے۔
حکومت کے اس فیصلے سے بجلی کی خریداری کے لیے مسابقتی نظام میں شامل ہونے کا موقع ملے گا، جس کے نتیجے میں مہنگے بجلی ذرائع پر انحصار کم کرنے اور متبادل ذرائع سے توانائی حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔اس اقدام سے صوبے کی صنعتوں اور کاروباری شعبے کو نسبتاً سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہونے کی توقع ہے۔ حکومتی منصوبے سے نہ صرف صنعتی پیداواری اخراجات کم کرنے بلکہ بجلی کی مجموعی قیمتوں میں کمی لانے کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔



















































