اسلام آباد (این این آئی)وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے بذریعہ ویڈیو کال گفتگو کی ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق سپارکو کے ہیڈکوارٹرز میں چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے براہِ راست خلائی رابطہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا نورد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔وزیرِ اعظم نے ذیشان علی کی تربیت اور تیاری میں معاونت کرنے والے ماہرین کو خراج تحسین پیش کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کی آپ کی کامیابی پر فخر ہے، مسلح افواج کو بھی اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا اور اس نے یہ عظیم کامیابی حاصل کی، پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے، خلائی اسٹیشن پر آپ کی موجودگی پاکستان اور چین کی اسٹریٹیجک شراکت داری قابل فخر ثبوت ہے، خلا میں موجودگی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔خلا باز محمد ذیشان علی نے خلائی اسٹیشن سے سویلین اور عسکری قیادت سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے، زمین سے 400 کلو میٹر بلندی پر 7.9 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ذیشنان علی نے کہا کہ طے شدہ منصوبے کے مطابق ذمے داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، چین کے خلائی اسٹیشن پر اپنی ذمے داریاں اور تحقیقی کام پوری لگن سے کر رہا ہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔چینی کے مطابق پاکستانی خلا باز اس وقت شین ژو 24 کے انسان بردار خلائی مشن میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ چینی خلائی مشن شین ژو 24 پہلے پاکستانی خلا باز کو لے کر 25 نومبر کوروانہ ہوا تھا۔ذیشان علی تقریباً 5سے 10 روز خلا میں قیام کے بعد شین ژو 23 کے ذریعے واپس آئیں گے، اس دوران وہ خلا میں تحقیقاتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔



















































