اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے اہم کوائف کے اندراج میں شفافیت بڑھانے کے لیے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کا نظام متعارف کرا دیا ہے۔
اس نظام کا اطلاق پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے اندراج پر ہوگا۔
نئے طریقہ کار کے مطابق متعلقہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے پہلے درخواست گزار کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جعلی اور غیر قانونی دستاویزات کی تیاری اور اجرا کی روک تھام میں مدد ملے گی، جبکہ سول رجسٹریشن کا ریکارڈ بھی زیادہ مستند اور شفاف بنایا جا سکے گا۔
یہ سہولت ابتدائی طور پر چاروں صوبوں کے مخصوص اضلاع میں فراہم کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں راولپنڈی، جھنگ، بہاولنگر اور شیخوپورہ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور کی یونین کونسلوں میں یہ نظام نافذ ہوگا۔
سندھ کے جن اضلاع میں بائیومیٹرک تصدیق شروع کی گئی ہے، ان میں کراچی شرقی، کراچی غربی، حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، میرپورخاص اور تھرپارکر شامل ہیں۔
بلوچستان میں کوئٹہ، نصیرآباد، جعفرآباد، قلات، شیرانی اور ژوب کی یونین کونسلوں میں بھی شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
نادرا نے مزید رہنمائی اور معلومات کے حصول کے لیے شہریوں کو ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کرنے یا ادارے کی سرکاری ویب سائٹ www.nadra.gov.pk وزٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔



















































