ملتان/اسلام آباد(این این آئی)مظفرگڑھ میں سیت پور کے نواحی علاقے میں باپ نے 5 بیٹیوں کی پیدائش کے بعد بیٹے اور دوسری شادی کی خواہش پر دو بیٹیوں کو قتل اور بیوی کے سر پر ہتھوڑے مار کر شدید زخمی کر دیا۔
سیت پور پولیس نے اپنی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کی گئیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم نے دو بیٹیوں کو گلے پر چھری پھیر کے قتل کیا جبکہ بیوی کے سر پر ہتھوڑے مار کر شدید زخمی کر دیا۔پولیس کے مطابق قتل کی جانے والی بچیوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم سیت پور اسپتال میں کیا جا رہا ہے، قتل کی واردات میں جاں بحق ایک بچی کی شناخت 6 سالہ نصرت جبکہ دوسری کی 3 سالہ عائشہ کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق تیز دھار آلہ کے وار سے بیوی نسیم بی بی بھی شدید زخمی ہوئی تھی، جسے اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا۔ بیٹیوں کو قتل اور بیوی کو زخمی کرنے کے بعد ملزم محمد یونس نے خودکشی کی کوشش کی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔پولیس نے زخمی ملزم کو حراست میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم محمد یونس کی 5 بیٹیاں ہیں جبکہ ایک اور متوقع تھی، ملزم بیٹے کی خواہش پر دوسری شادی کرنا چاہتا تھا۔ترجمان ڈی پی او کے مطابق ملزم کے اہل خانہ مدعی بننے کے لیے تیار نہیں ہیں، اس لیے پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔واقعہ پر نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے باپ کے ہاتھوں دو کمسن بیٹیوں کے قتل اور بیوی کو زخمی کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف بیٹا پیدا نہ ہونے پر معصوم بیٹیوں کو قتل کرنا انسانیت سوز اور ناقابلِ برداشت عمل ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ بیٹیوں کو بوجھ سمجھنے والی سوچ معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، معاشرے سے بیٹے اور بیٹی میں تفریق کرنے والی فرسودہ سوچ کا خاتمہ ناگزیر ہے۔



















































