اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے زمینوں کے ریکارڈ تک رسائی آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل سہولت متعارف کرادی ہے،
جس کے تحت شہری پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی ’پنجاب زمین‘ ایپ کے ذریعے صرف دو منٹ میں ملکیت کی فرد حاصل کرسکتے ہیں۔
حکومت پنجاب، بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے مشترکہ منصوبے ’پلس‘ کے تحت شروع کی گئی اس سہولت کا مقصد اراضی سے متعلق خدمات کو جدید ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنا، شفافیت بڑھانا اور عوام کو سرکاری دفاتر کے بار بار دوروں سے نجات دلانا ہے۔
نئی سروس کے ذریعے شہری اپنے گھر بیٹھے موبائل فون پر زمین کی تصدیق شدہ فرد حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے پہلے ایپ میں شناختی کارڈ نمبر اور پاس ورڈ درج کرکے لاگ ان کرنا ہوگا۔
لاگ ان کے بعد ہوم اسکرین پر موجود ’Get Fard‘ کے آپشن کو منتخب کرکے فرد کے حصول کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے۔ اگلے مرحلے میں متعلقہ ضلع، تحصیل اور موضع کی معلومات فراہم کرنے کے بعد خسرہ یا کھیوٹ نمبر درج کرنا ہوگا۔
زمین کی تفصیلات مکمل ہونے پر صارف کو فیس کی ادائیگی کے لیے PSID نمبر جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے ون بل (1Bill) یا موبائل بینکنگ کی سہولت استعمال کرتے ہوئے آن لائن ادائیگی کی جاسکتی ہے۔
فیس جمع ہونے کی تصدیق کے بعد ڈیجیٹل فرد فوری طور پر صارف کے موبائل فون پر دستیاب ہوجائے گی، جسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے ساتھ پرنٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔
پنجاب زمین ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے گوگل پلے اسٹور اور آئی فون صارفین کے لیے ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔



















































