ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی وزارتِ افرادی قوت و سماجی بہبود نے ملک میں غیر قانونی روزگار اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے اپنے کفالتی مزدوروں سے دوسروں کے لیے کام کرانے پر قید اور بھاری جرمانے کا نیا سخت قانون نافذ کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاض سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ کوئی بھی آجر یا کمپنی اپنے ویزے پر بلائے گئے غیر ملکی کارکنوں کو کسی دوسرے ادارے یا شخص کے پاس کام کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ حکام نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر متعلقہ آجر کو بھاری مالی جرمانہ، قید کی سزا اور مستقبل میں بھرتیوں پر پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ غیر قانونی کام کرنے والے مزدور کو ملک بدر کر دیا جائے گا۔
قانونی ماہرین نے کہا کہ اس فیصلے سے سعودی لیبر مارکیٹ میں شفافیت آئے گی اور مزدوروں کے استحصال کا خاتمہ ہوگا۔



















































