اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)حکومت نے ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک بڑے منصوبے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،
جس کے تحت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور ان پر عمل درآمد کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے درکار مالی وسائل کے حصول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر کی تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز لگانے کے منصوبے کے لیے فنڈز کا بندوبست اقتصادی امور ڈویژن کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
حکومت اس مقصد کے لیے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔منصوبے کی مالی معاونت کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے مذاکرات کیے جائیں گے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے، جس سے بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید بنانے میں مدد ملے گی۔



















































