اسلام آباد/لاہور( این این آئی)غیرملکی ایئرلائنز کی جانب سے ٹکٹوں کی فروخت کے ذریعے پاکستان سے سالانہ 2.4ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
فضائی ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی اربوں ڈالر کی آمدن پاکستانی مالیاتی نظام سے باہر رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس پر ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان میں آپریٹ کرنے والی تمام ایئرلائنز کا 5سالہ فرانزک ٹیکس آڈٹ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔بانی ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن عمران اسلم خان نے وفاقی وزیر خزانہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہآف شور پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے ایئرلائن ٹکٹوں کی فروخت پر مبینہ ٹیکس چوری کے خدشات ہیں اس لیے وزیر خزانہ اس معاملے پر فوری مداخلت کریں۔
عمران اسلم خان نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان آنے اور جانے والی پروازوں کے ٹکٹوں کی ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے ریگولیٹڈ گیٹ ویز کے ذریعے کی جائیں۔ تمام ایئرلائنز کی ٹکٹوں کی فروخت پر ایف بی آر کے ذریعے براہ راست ٹیکس وصولی کا انتظام بھی کیا جائے۔بانی ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ ایئرلائنز کے مسافروں اور ٹکٹوں کی فروخت کا مکمل ریکارڈ ایف بی آر کو فراہم کیا جائے تاکہ ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق آمدن اور ٹیکس وصولی کا ریکارڈ ادارے کو دستیاب ہو۔



















































