اسلام آباد (نیوز ڈیسک)حکومت نے بجلی اور گیس صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈی کا نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی ہے، جبکہ اس منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن اور وزارت پیٹرولیم نے بجلی و گیس کے صارفین کے لیے نئی اکنامک سوشل رجسٹری تیار کرلی ہے، جس کے ذریعے سبسڈی کی فراہمی کا طریقہ کار تبدیل کیا جائے گا۔ نئے نظام کے نفاذ سے متعلق حتمی فیصلہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کرے گی۔حکام کے مطابق اس نظام کو ملک بھر میں نافذ کرنے سے قبل آزمائشی بنیادوں پر چلایا جائے گا تاکہ اس کی افادیت اور سبسڈی کی تقسیم کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جاسکے۔ ٹیسٹ رن کے نتائج کی روشنی میں حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے نئے سبسڈی نظام کے نفاذ کے لیے بجلی کے شعبے میں یکم جنوری 2027 جبکہ گیس کے صارفین کے لیے فروری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے۔
تاہم حکومت موجودہ سبسڈی پالیسی کو مزید چھ ماہ جاری رکھنے کی خواہش مند ہے اور اسے 30 جون 2027 تک برقرار رکھنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر موجودہ ریلیف میں توسیع کا معاملہ آئی ایم ایف کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت 200 یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے جاری سبسڈی کو بھی مزید چھ ماہ تک برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو اضافی مالی بوجھ سے بچایا جاسکے۔



















































