اسلام آباد (نیوز ڈیسک)فیصل آباد کے شہریوں کو پولیس اور ڈرائیونگ لائسنسنگ سے متعلق خدمات گھر کے قریب فراہم کرنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے موبائل وین سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے،
جس کے ذریعے مختلف سرکاری سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔پولیس حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت پہلی موبائل وین 5 نومبر 2026 کو فیصل آباد کے علاقے 29 سی بی میں تعینات کی جائے گی۔ شہری صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ تک وین پر پہنچ کر متعلقہ خدمات حاصل کرسکیں گے۔موبائل وین میں ایف آئی آر درج کرانے، درخواستوں کی آن لائن پیش رفت معلوم کرنے اور گمشدگی کی رپورٹ جمع کروانے کی سہولت موجود ہوگی۔ اس کے علاوہ کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کا اندراج، مجرمانہ ریکارڈ کی پڑتال، پولیس ویری فکیشن اور کلیئرنس سے متعلق امور بھی انجام دیے جاسکیں گے۔
سروس میں خواتین کو ہراساں کرنے اور کم عمر بچیوں سے زیادتی کے واقعات سے متعلق شکایات کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا، تاکہ متاثرہ افراد کو ضروری پولیس معاونت اور سہولیات تک باآسانی رسائی مل سکے۔سٹی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل وین سروس شروع کرنے کا مقصد شہریوں کو مختلف سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے بچانا اور پولیس سے متعلق اہم خدمات ان کے علاقوں میں فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے شہری 0300-7210514 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔



















































