اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب میں شہری اب اپنے ٹریفک ای چالان کی تفصیلات گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے معلوم کرسکتے ہیں۔
پنجاب پولیس نے چالان چیک کرنے کا آسان طریقہ بتاتے ہوئے شہریوں کو پبلک سیفٹی ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی تیار کردہ پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے ای چالان کی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے صارفین کو اپنے موبائل فون پر ایپ کھول کر ’’سرچ چالان‘‘ کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا، جس کے بعد چالان سے متعلق تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔
پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں اس سہولت سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور ان کے نتیجے میں جاری ہونے والے چالان کی معلومات باآسانی فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں تفصیلات معلوم کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ پبلک سیفٹی ایپ میں ای چالان کے علاوہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے دیگر سہولیات بھی دستیاب ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے ایک موٹر سائیکل سوار کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق رواں ماہ والٹن روڈ پر پکڑے گئے موٹر سائیکل سوار کے ذمے مجموعی طور پر 113 ای چالان واجب الادا تھے۔
حکام نے بتایا کہ ان میں سے 89 چالان ہیلمٹ استعمال کیے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر کیے گئے تھے، جبکہ 24 چالان ٹریفک سگنل توڑنے کی خلاف ورزیوں سے متعلق تھے۔
ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سوار پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور اس کی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی۔
پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنے ای چالان کی تفصیلات باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں، تاکہ واجب الادا جرمانوں اور مزید قانونی کارروائی سے بچا جاسکے۔



















































