لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوسرے مقابلے میں 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کرکے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔
وہ پاکستان کی جانب سے یہ سنگ میل کم ترین میچز میں عبور کرنے والے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران شاہین آفریدی نے انگلینڈ کے اوپنر ٹام بینٹن کو اننگز کے پہلے ہی اوور میں پویلین بھیج کر اپنی 150ویں ون ڈے وکٹ حاصل کی۔ ٹام بینٹن گزشتہ چار اننگز میں مسلسل چار نصف سنچریاں بنا چکے تھے، تاہم وہ شاہین کی فل لینتھ گیند پر کور کے علاقے میں کیچ دے بیٹھے۔شاہین آفریدی نے اپنے 80ویں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 150 وکٹوں کا ہدف حاصل کیا۔ اس سے قبل پاکستان کے سابق فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر نے یہ کارنامہ 91، 91 میچز کھیل کر انجام دیا تھا۔پاکستانی بولرز کی فہرست میں شاہین آفریدی اس اعزاز تک پہنچنے والے دوسرے تیز ترین بولر ہیں۔
ان سے پہلے سابق پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق نے صرف 78 ون ڈے میچز میں 150 وکٹیں حاصل کرکے یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔عالمی کرکٹ میں بھی شاہین آفریدی کی یہ کامیابی نمایاں اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ وہ 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین بولر بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں نیپال کے سندیپ لامیچھانے سرفہرست ہیں، جنہوں نے 73 میچز میں یہ اعزاز حاصل کیا، جبکہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 77 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔
Shaheen Afridi is the second-fastest Pakistan bowler to 150 ODI wickets, and the joint-fourth fastest among all bowlers 🔥 https://t.co/PkEINmjQ66
— Cricinfo (@cricinfo) October 25, 2026



















































