اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) کراچی ایئرپورٹ سے عمرہ ادا کرنے یا دیگر مقاصد کے لیے سعودی عرب روانہ ہونے والے مسافروں کو لازمی ویکسی نیشن کی تصدیق کے حوالے سے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق اس شرط پر عمل درآمد 20 نومبر کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگا۔اس سے قبل حکام کی جانب سے لازمی ویکسی نیشن کے نفاذ کے لیے 15 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ اعلان کے مطابق ویکسی نیشن کارڈ کے بغیر سفر کرنے والے مسافروں کو پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا، تاہم اب اس فیصلے پر عمل درآمد کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی ہے۔جاری کردہ سرکلر کے مطابق مسافروں کو سفر سے کم از کم 10 روز قبل ویکسی نیشن کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر قائم سرکاری ڈسپنسری میں چوبیس گھنٹے ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کی جا رہی تھی۔سرکلر میں مزید بتایا گیا ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین اور دیگر مسافروں کی آسانی کے لیے ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں بھی ہنگامی بنیادوں پر ویکسی نیشن کی سہولت دستیاب ہے۔ اس اقدام کا مقصد سعودی عرب روانہ ہونے والے مسافروں کو ضروری طبی تقاضے پورے کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔



















































