اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے لیے نئے اوقات کار جاری کردیے گئے ہیں، جن پر عمل درآمد 16 اکتوبر 2026 سے شروع ہوکر 31 مارچ 2027 تک جاری رہے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے سنگل اور ڈبل شفٹ میں چلنے والے تعلیمی اداروں کے لیے الگ الگ اوقات مقرر کیے ہیں۔نوٹیفکیشن کے تحت سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات تک صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے اور دوپہر ڈیڑھ بجے چھٹی ہوگی۔ جمعہ کے روز ان اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ختم ہوں گی۔ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات تک صبح 8:45 بجے شروع ہوکر دوپہر 1:15 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ جمعہ کے روز اس شفٹ کی چھٹی 12:30 بجے ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل شفٹ اسکولوں کی دوسری شفٹ پیر سے جمعرات تک دوپہر ڈیڑھ بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک ہوگی۔ جمعہ کے دن دوسری شفٹ دوپہر 2 بجے شروع ہوگی اور شام 4:30 بجے اختتام پذیر ہوگی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو نئے شیڈول پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں، طالبات کے اسکولوں کے اوقات میں ضرورت کے مطابق 15 منٹ کی تبدیلی یا فرق کی ایڈجسٹمنٹ کا اختیار بھی متعلقہ سی ای اوز کو دیا گیا ہے۔



















































