کراچی (نیوز ڈیسک) ملک میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،
جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا 5 ہزار 900 روپے مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق 5 ہزار 58 روپے اضافے کے بعد 10 گرام سونے کا بھاؤ 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے ہوگیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی رہی، جہاں فی اونس نرخ 59 ڈالر بڑھ کر 4 ہزار 184 ڈالر ہوگیا۔
عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازار میں بھی نمایاں ہوئے ہیں، جس کے باعث سونا خریدنے والے صارفین کو اب زیادہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔



















































