کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بلوچستان حکومت نے موسم سرما کے دوران سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار مقرر کردیے ہیں،
جن کا نفاذ 15 اکتوبر 2026 سے شروع ہوکر 14 اپریل 2027 تک جاری رہے گا۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک صوبے کے سرکاری دفاتر صبح ساڑھے 8 بجے کھلیں گے اور شام 4 بجے تک کام جاری رہے گا۔ اس دوران نماز اور کھانے کیلئے دوپہر ڈیڑھ بجے سے 2 بجے تک وقفہ ہوگا۔
جمعہ کے روز دفتری اوقات میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔ اس دن سرکاری دفاتر صبح ساڑھے 8 بجے سے سہ پہر ساڑھے 3 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ نماز جمعہ اور کھانے کیلئے ایک گھنٹے کا وقفہ دوپہر سوا ایک بجے سے سوا 2 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو تمام عام سرکاری دفاتر بند رہیں گے، جس کے تحت ملازمین کو ہفتے میں دو تعطیلات حاصل ہوں گی۔
دوسری جانب اسکول، کالجز اور جامعات کو ان نئے دفتری اوقات سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، یعنی تعلیمی ادارے اپنے متعلقہ شیڈول کے مطابق کام کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے منسلک دفاتر ہفتے میں 6 روز خدمات انجام دیں گے۔ ان دفاتر میں پیر سے جمعرات اور ہفتہ کے روز صبح ساڑھے 8 بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک جبکہ جمعہ کو صبح ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک کام ہوگا۔
حکام کے مطابق موسم سرما کیلئے دفتری اوقات میں تبدیلی کا مقصد سرد موسم کے دوران سرکاری امور کی انجام دہی کو بہتر اور ملازمین کیلئے سہل بنانا ہے۔



















































