اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ساہیوال میں پانچ سالہ بچے ایان کے قتل کا معمہ کئی ماہ بعد حل ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے بچے کی خالہ اور اس کے آشنا کو گرفتار کرلیا۔
پولیس غلہ منڈی کے مطابق ایان کو مبینہ طور پر 17 جون کو قتل کیا گیا تھا، جبکہ تین روز بعد 20 جون کو اس کی لاش نائن ایل نہر کے قریب ڈیرہ رحیم کے علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔ایف آئی آر کے مطابق بچے کی خالہ بشریٰ اسے تقریباً پانچ ماہ قبل اپنے ہمراہ ساہیوال لے کر آئی تھی۔ پولیس کے مطابق بشریٰ اور اس کے آشنا نے مبینہ طور پر ایان کے سر پر اسٹیل کے چمچے سے وار کیا، جس کے بعد اسے زمین پر پٹخ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
مقدمے میں درج تفصیلات کے مطابق ایان کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش ویو ہوٹل کے قریب نائن ایل نہر میں پھینک دی گئی تھی۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ سالہ ایان کے قتل کے الزام میں اس کی خالہ بشریٰ اور اس کے آشنا کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔



















































