اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرادی ہے، جس کے تحت ایک ہی خاندان کے متعدد افراد اپنے شناختی دستاویزات سے متعلق امور ایک مشترکہ فیملی ٹوکن کے ذریعے مکمل کراسکیں گے۔
نادرا کے مطابق نئی سہولت کا مقصد خاندان کے ہر فرد کے لیے الگ ٹوکن حاصل کرنے اور مختلف کاؤنٹرز پر علیحدہ علیحدہ انتظار کی ضرورت ختم کرنا ہے۔ اب اہل خانہ ایک ہی فیملی ٹوکن کے تحت اپنی متعلقہ درخواستوں پر کارروائی کراسکیں گے۔
اگر خاندان کے کئی افراد کو بیک وقت نادرا کی مختلف خدمات حاصل کرنا ہوں تو ان سب کے لیے ایک مشترکہ فیملی ٹوکن لیا جاسکتا ہے۔ ٹوکن نمبر آنے پر خاندان کے تمام افراد کی درخواستوں کی کارروائی ایک ہی ون ونڈو کاؤنٹر سے کی جائے گی۔
نادرا کی جانب سے جاری آگاہی کے مطابق جو شہری اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ مرکز کا رخ کرتے ہیں، وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ اس طریقہ کار کے ذریعے ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کے شناختی دستاویزات سے متعلق امور ایک جگہ نمٹانے میں آسانی ہوگی۔
یہ سہولت بالخصوص ان خاندانوں کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتی ہے جن کے کئی افراد کو ایک ہی وقت میں شناختی کارڈ یا نادرا کی دیگر خدمات درکار ہوں۔ ایک مشترکہ کاؤنٹر پر کارروائی ہونے سے انہیں مختلف ڈیسکوں پر جانے اور بار بار انتظار کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
نادرا نے سروسز سے متعلق مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے شہریوں کو ہیلپ لائن 1777 سے رابطے کی سہولت بھی فراہم کر رکھی ہے۔ شہری کسی بھی اضافی معلومات کے لیے نادرا کے سرکاری ذرائع سے رجوع کرسکتے ہیں۔
نئی فیملی ٹوکن سہولت کے ذریعے نادرا کا مقصد خاندان کے متعدد افراد کی درخواستوں کو ایک ہی ون ونڈو کاؤنٹر پر نمٹانے کے عمل کو سہل بنانا ہے، جس سے شہریوں کے وقت اور انتظار کی مشقت میں کمی آنے کی توقع ہے۔



















































