اسلام آباد (نیوز ڈیسک): بیرون ملک جانے والے پاکستانی مسافروں کے لیے ایئرپورٹس پر امیگریشن کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نئے ای امیگریشن نظام کے تحت ایک موبائل ایپ متعارف کرانے کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔
مجوزہ موبائل ایپ کے ذریعے مسافر ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل ہی اپنی سفری معلومات اور ضروری دستاویزات ایف آئی اے کو فراہم کرکے ان کی جانچ پڑتال کراسکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد امیگریشن کاؤنٹرز پر وقت کم کرنا اور کارروائی کو زیادہ ڈیجیٹل بنانا ہے۔
نئے سسٹم میں مسافر ایپ پر اپنی سفری تفصیلات کے ساتھ متعلقہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے، جنہیں ایف آئی اے کا نظام آن لائن جانچ کے عمل سے گزارے گا۔ تمام معلومات اور دستاویزات درست اور مکمل ہونے کی صورت میں مسافر کو ایپ کے ذریعے ایک کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا۔
ایئرپورٹ پر امیگریشن کے مرحلے میں مسافر کو یہی کیو آر کوڈ کاؤنٹر پر اسکین کروانا ہوگا۔ کوڈ اسکین ہوتے ہی مسافر کا متعلقہ ڈیٹا امیگریشن سسٹم میں منتقل ہوجائے گا، جس سے کاغذی کارروائی اور انتظار کے دورانیے کو کم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
اگر جانچ کے دوران کسی مسافر کے کاغذات میں کمی، معلومات میں تضاد یا کسی اضافی وضاحت کی ضرورت سامنے آتی ہے تو اسے ایپ کے ذریعے پہلے ہی مطلع کردیا جائے گا۔ یوں مسافر ایئرپورٹ روانگی سے قبل متعلقہ مسئلہ دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرسکے گا۔
حکام کے مطابق ایپ کے ذریعے حاصل ہونے والی مسافروں کی معلومات کو امیگریشن کے دوران رسک پروفائلنگ کے عمل میں بھی استعمال کیا جائے گا۔ اس سے دستیاب ڈیٹا کی بنیاد پر مسافروں کی جانچ پڑتال کو زیادہ منظم انداز میں انجام دینے میں مدد ملے گی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ موبائل ایپ کی تیاری آخری مرحلے میں ہے۔ ڈیجیٹل امیگریشن سسٹم کے باقاعدہ آغاز کے بعد بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو ایئرپورٹ پہنچنے سے پہلے ہی امیگریشن کے متعدد مراحل مکمل کرنے کی سہولت حاصل ہوسکے گی۔



















































