اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خواتین کے لیے 5 کروڑ روپے کے اینڈومنٹ فنڈ کا اعلان کردیا گیا ، جس سے کاروبار کے آغاز میں مدد ملے گی۔
حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں خاتون صنعت کاروں اور خواتین کے زیرِ انتظام کاروباروں کو مضبوط بنانے کے لیے 5 کروڑ (50 ملین) روپے کے اینڈومنٹ فنڈ کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور ڈویژن کے دورے کے موقع پر مشیرِ مالیات مزمل اسلم اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ انھوں نے خواتین کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 5 کروڑ روپے کا فنڈ اورویمن چیمبر کی گنجائش اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے 50 لاکھ (5 ملین) روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔
خواتین کاروباری افراد کے لیے کم شرحِ سود پر مالیاتی سہولیات اور سبسڈی کی فراہمی اور بزنس کی نمو اور تربیت کے لیے WCCIPD میں ایک جدید “خواتین انکیوبیشن سینٹر” کا قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں ویمن چیمبر کی صدر قرۃ العین، بانی صدر ساجدہ ذوالفقار اور شمامہ ارباب نے حکومت کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ شمامہ ارباب نے بالخصوص فوڈ پروسیسنگ اور زراعت سے متعلق شعبوں میں خواتین کے لیے موجود مواقع کی نشاندہی کی اور ان شعبوں میں ہدف پر مبنی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا،خیبر پختونخوا حکومت اور ویمن چیمبر نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس اشتراکِ عمل کے ذریعے پالیسی تجاویز کو عملی معاشی اقدامات میں ڈھالا جائے گا۔



















































