مظفرآباد (نیوز ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری اور نجی کالجز کے لیے پانچ روزہ ورکنگ ویک نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت اب ہفتے میں دو دن تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن آزاد جموں و کشمیر نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے خطے کے تمام سرکاری و نجی کالجز کے لیے ہفتہ اور اتوار کو تعطیل مقرر کردی ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق کالجز پیر سے جمعہ تک معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ ہفتے کے آخری دو دن یعنی ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق یہ پانچ روزہ نظام فوری طور پر نافذ العمل کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ احکامات کا اطلاق محکمہ ہائر ایجوکیشن کے انتظامی دائرہ اختیار میں آنے والے تمام سرکاری اور نجی کالجز پر ہوگا۔ کالج انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئے ورکنگ ویک کے شیڈول پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم کا کہنا ہے کہ پانچ روزہ تعلیمی ہفتے کے نفاذ سے آزاد کشمیر کے کالجز کا ہفتہ وار نظام ملک کے دیگر علاقوں میں رائج شیڈول سے ہم آہنگ ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی سرکاری و تعلیمی اداروں کے لیے ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کا نظام پہلے سے نافذ ہے۔



















































