اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے
بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر کے قبضے سے 14 جدید آئی فونز اور غیر ملکی شراب کی 2 بوتلیں برآمد کرلیں، ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔کسٹمز حکام کے مطابق غیر ملکی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچنے والے مسافر کی مشکوک حرکات پر عملے کو شبہ ہوا۔ مسافر کسٹمز کی جانچ سے بچنے کی کوشش میں تقریباً 20 منٹ تک ایئرپورٹ کے واش روم میں موجود رہا۔مسافر کے واش روم سے باہر آنے کے بعد کسٹمز ٹیم نے وہاں تلاشی لی تو کموڈ کے نیچے چھپائے گئے 14 نئے اور جدید آئی فونز برآمد کرلیے گئے۔
بعد ازاں کسٹمز اہلکاروں نے مسافر کے سامان کی بھی مکمل تلاشی لی، جس دوران غیر ملکی شراب کی 2 بوتلیں برآمد ہوئیں۔ تمام اشیاء کو قبضے میں لے لیا گیا۔حکام کے مطابق مسافر نے دورانِ کارروائی اعتراف کیا کہ کسٹمز اہلکاروں کو دیکھ کر وہ گھبرا گیا تھا، جس کے باعث اس نے موبائل فونز واش روم میں چھپا دیے۔کسٹمز حکام نے برآمد شدہ تمام سامان ضبط کرکے مسافر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔



















































