اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر پانچ لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل،
چنگ چی اور رکشوں کو بھی ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں پانچ سو روپے کی رعایت ملے گی،ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری کیا جائیگا اور ایک مہینے میں مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے،سکیم میں 800cc تک گاڑی استعمال کرنے والے پہلے کی طرح ہر دس روز میں 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت حاصل کریں گے،یوں ایک مہینہ میں 10 لیٹر کے 3 ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی چلتا رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل سکیم سے ریلیف حاصل کرنے کے اہل افراد کیلئے رجسٹریشن میسج کو بالکل مفت کرنے کا اعلان کیا تھا،وزیراعظم نے فیول ریلیف سکیم میں 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے،یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں، رکشے، چنگ چی وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل ہو گئے ہیں،
وزیراعظم محمد شہباز شریف ریلیف سکیم کی ہر پہلو سے نگرانی خود کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے سکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع اور پٹرول پر رعائت کی باعزت و باآسانی اور بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔



















































