اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)چائے یا کافی پینے کے شوقین افراد کے لیے ایک نئی تحقیق میں اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔
تحقیق کے مطابق مناسب مقدار میں کیفین والے مشروبات کا استعمال بڑھتی عمر میں دماغی تنزلی اور ڈیمینشیا کے خطرے میں کمی سے منسلک پایا گیا ہے۔یہ تحقیق طبی جریدے JAMA Network میں شائع ہوئی، جس میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کے صحت سے متعلق اعداد و شمار کا طویل عرصے تک جائزہ لیا گیا۔ محققین نے تقریباً 43 سال تک شرکا کی صحت اور غذائی عادات کا مشاہدہ کیا۔تحقیق کے دوران بالخصوص کیفین پر مشتمل کافی اور چائے کے استعمال اور دماغی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا سے وقفے وقفے سے ان کی خوراک اور روزمرہ عادات سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جاتی رہیں۔مطالعے کی مدت کے دوران 10 ہزار سے زائد افراد میں ڈیمینشیا کی تشخیص ہوئی۔ محققین نے مختلف طرز زندگی اور صحت سے متعلق عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد مشاہدہ کیا کہ زیادہ کیفین والی کافی استعمال کرنے والے افراد میں ڈیمینشیا کا خطرہ نسبتاً کم دیکھا گیا۔اسی طرح چائے پینے اور دماغی صحت کے بہتر نتائج کے درمیان بھی تعلق سامنے آیا۔ تحقیق کے مطابق کافی اور چائے کا محدود اور متوازن استعمال دماغی صحت کے لیے مفید ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ تقریباً 2 سے 3 کپ کافی یا ایک سے 2 کپ چائے استعمال کرنے والے افراد میں دماغی تنزلی کے خطرے میں کمی دیکھی گئی، تاہم اس سے زیادہ مقدار میں ان مشروبات کے استعمال سے اضافی فائدہ ثابت نہیں ہوا۔محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ کیفین ڈیمینشیا سے بچاؤ کا براہ راست سبب ہے۔ مطالعے میں صرف کیفین والے مشروبات کے استعمال اور ڈیمینشیا کے کم خطرے کے درمیان ایک تعلق مشاہدہ کیا گیا ہے۔تحقیق کے نتائج کی روشنی میں ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب مقدار میں چائے یا کافی کا استعمال دماغی صحت کے حوالے سے مثبت تعلق رکھتا ہے، تاہم اسے ڈیمینشیا سے بچاؤ کا یقینی طریقہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔



















































