نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک شخص نے مبینہ طور پر بیوی کے کسی اور شخص سے تعلق کے شبے میں اسے سوتے ہوئے چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں پیش آیا جہاں پرویز نامی شخص نے 28سالہ اہلیہ نغمہ پر اس وقت حملہ کیا جب وہ سو رہی تھی۔پولیس نے بتایا کہ پرویز اور نغمہ کی شادی تقریبا 12سال قبل ہوئی تھی۔ ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی اہلیہ کسی دوسرے شخص سے تعلق رکھتی ہے اور فون پر اس سے بات کرتی ہے۔ اس معاملے پر دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا بھی ہوتا تھا۔رپورٹ کے مطابق 9ستمبر کی رات نغمہ سو رہی تھی کہ پرویز نے مبینہ طور پر تیز دھار چاقو سے اس پر حملہ کردیا، حملے میں خاتون کی موت ہوگئی اور واقعے کے بعد ملزم خود پولیس اسٹیشن پہنچا جہاں اس نے قتل کا اعتراف کرلیا۔پولیس اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس نے پرویز کو گرفتار کرلیا جبکہ قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی تلاش جاری ہے۔مقتولہ کی بہن نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی بہن کو قتل سے پہلے تقریبا ایک ہفتے تک شوہر کی جانب سے شدید تشدد اور مبینہ طور پر تشدد کا سامنا تھا، وہ اکثر نغمہ کو گلا کاٹنے کی دھمکیاں بھی دیتا تھا۔انھوں نے اپنی بہن کے سسرال والوں پر بھی تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بہنوئی پرویز کی والدہ اور بہنیں بھی نغمہ کو ہراساں کرتی رہتی تھیں۔نغمہ کی والدہ زاہدہ نے بھی داماد پرویز پر الزام لگایا کہ اس نے نغمہ کی بیٹی کو تین چار روز قبل جان سے مارنے اور گلا کاٹنے کی دھمکیاں دی تھیں۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے خود گرفتاری دی ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام متعلقہ پہلوئوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



















































