اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے مارچ کے اعلان کے پیش نظر راولپنڈی ڈویژن میں پارٹی کے 100 سے زائد سرگرم کارکنوں کو نظر بند کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے 106 کارکنان کو 30 روز کے لیے اڈیالہ جیل میں نظربند کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جبکہ نظربندی کے احکامات 3 ایم پی او کے تحت جاری ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں سب سے زیادہ 35 کارکنان اٹک سے نظر بند کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی سے 31، چکوال سے 23، جہلم سے 13 جبکہ واہ کینٹ سے 4 پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے کر نظربند کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تمام افراد کی نظربندی 30 دن کے لیے عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ یہ اقدام 27 ستمبر کے مجوزہ مارچ کے تناظر میں کیا گیا ہے۔



















































