اسلام آباد (این این آئی)محمد رضوان اور امام الحق ڈومیسٹک کرکٹ کی پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون نہیں کھیل سکیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ قواعد کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق نے اپنی ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے، فرسٹ کلاس کھیلنے کے لیے پی سی بی نے ٹیموں کو فٹنس ٹیسٹ لینا اور رپورٹ جمع کرانا لازمی قرار دیا ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز کی ڈیپارٹمنٹس کے پاس فٹنس کی کوئی رپورٹ نہیں ہے، فٹنس ٹیسٹ نہ دینے اور اس کی رپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے کرکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ محمد رضوان سوئی ناردرن گیس کی ٹیم کے نائب کپتان ہیں، کپتان شان مسعود کی پہلے رانڈ میں عدم دستیابی پر محمد رضوان نے ٹیم کی قیادت کرنی تھی۔سوئی ناردرن گیس کا پہلا میچ (آج) ہفتہ سے اسٹیٹ بینک کے خلاف شیڈول ہے،علاوہ ازیں امام الحق او جی ڈی سی کی ٹیم کے کپتان ہیں جس کا(آج) ہفتہ سے پی ٹی وی کے خلاف میچ شیڈول ہے۔خیال رہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ سے وطن واپس بلا لیا گیا تھا اور دونوں کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔



















































