لاہور( این این آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسلامپورہ کے فلیٹ سے 3 روز قبل ملنے والی ٹک ٹاکر اور بیوٹیشن ارشمہ کی پر اسرار موت کے کیس میں پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے رکھا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی ارشمہ کے فلیٹ میں نقل و حرکت سے متعلق شواہد ملے ہیں۔اسلامپورہ میں واقع فلیٹ سے تین روز قبل 25 سالہ ارشمہ کی پھندا لگی لاش ملی تھی ۔ پولیس کے مطابق ٹک ٹاکر ارشمہ بیوٹیشن کا کام بھی کرتی تھی اور فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھی ۔ کرائم سین یونٹ اورفرانزک ماہرین کی ٹیموں نے فلیٹ سے شواہد جمع کئے اور نمونوں کو لیب بھجوا دیا ۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور خودکشی سمیت دیگرتمام پہلوئوں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے ۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق ارشمہ بیوٹی پارلر چلانے کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتی تھی ۔ پولیس نے اس مقدمے میں ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے رکھا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کی ارشمہ کے فلیٹ میں نقل و حرکت سے متعلق شواہد ملے ہیں تاہم پوسٹمارٹم اورفرانزک رپورٹ آنے پر موت کی وجہ کا تعین کیا جا سکے گا



















































