اسلام آباد (نیوز ڈیسک): ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی لانچ سے قبل ہی اس کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کمپنی اس نئے ڈیوائس کو ’’آئی فون الٹرا‘‘ کا نام دے سکتی ہے۔
ذرائع اور مختلف لیکس کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کو 9 ستمبر کو ایپل کے سالانہ ایونٹ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، تاہم اس کی لانچ سے پہلے ہی قیمت، ڈسپلے، کیمرا اور دیگر فیچرز سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ابتدائی طور پر اندازہ لگایا جارہا تھا کہ اس فون کی قیمت تقریباً 2 ہزار ڈالرز ہوگی، لیکن میک ریومرز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی مارکیٹ میں اس کی ابتدائی قیمت 2 ہزار 99 ڈالرز سے 2 ہزار 299 ڈالرز کے درمیان ہوسکتی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 5 لاکھ 82 ہزار سے 6 لاکھ 37 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کے سب سے مہنگے ماڈل کی قیمت 3 ہزار ڈالرز سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔ اس طرح یہ ایپل کا اب تک کا سب سے مہنگا آئی فون بن سکتا ہے، جبکہ اس وقت آئی فون 17 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالرز ہے۔
ڈسپلے اور ہارڈویئر
متوقع معلومات کے مطابق فون کے بیرونی حصے پر 5.5 انچ کا OLED ڈسپلے دیا جائے گا، جبکہ ڈیوائس کھولنے کی صورت میں 7.8 انچ کی بڑی OLED اسکرین دستیاب ہوگی۔ اندرونی ڈسپلے میں ProMotion ٹیکنالوجی شامل کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
فولڈ ایبل فون میں ٹچ آئی ڈی کے ساتھ ایپل کی A20 Pro چپ شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیوائس میں 12 جی بی ریم دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
اسمارٹ فون کو مختلف اسٹوریج آپشنز کے ساتھ پیش کیے جانے کا امکان ہے، جن میں 256 جی بی، 512 جی بی، 1 ٹی بی اور 2 ٹی بی اسٹوریج شامل ہیں۔
کیمرہ سیٹ اپ
کیمرا کے حوالے سے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کے فرنٹ پر 24 میگا پکسل کا کیمرا دیا جائے گا۔ فون کے پچھلے حصے میں 48 میگا پکسل وائیڈ اور 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ موجود ہوگا۔
ڈیزائن کے لحاظ سے بھی ایپل کا یہ فولڈ ایبل فون مارکیٹ میں موجود دیگر فولڈ ایبل ڈیوائسز سے مختلف ہونے کی توقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق فون کی چوڑائی زیادہ اور لمبائی نسبتاً کم ہوگی، جبکہ مکمل طور پر کھولنے پر اس کی شکل بڑی اسکرین کے باعث آئی پیڈ سے مشابہ محسوس ہوسکتی ہے۔



















































