اسلام آباد (نیوز ڈیسک )طبی ماہرین مختلف بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلئے ورزش اور صحت مند خوراک کوزندگی کا حصہ بنانے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن حالیہ امریکی تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ورزش اورخوراک کے ساتھ ساتھ’کافی‘ کا استعمال موت کا سبب بننے والی کئی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا سبب بن سکتا ہے۔امریکی ہارورڈ یونیورسٹی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق روزانہ 3سے5کپ کافی پینا امراضِ قلب، رعشہ اور ذیابیطس جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔تحقیق کے مطابق روزانہ کافی کااستعمال شوگراور دل کی بیماریوں کے سبب ہونے والی شرح اموات میں کمی کا باعث بنتا ہے۔اس تحقیق کی وجہ سے کافی پینے والوں کو اپنی اس عادت کے پختہ ہونے اور جڑے رہنے کا ایک نیا اور دلچسپ بہانہ مل گیا ہے۔