اسلام آباد (نیوزڈیسک) ریحام خان کے اس تازہ انکشاف کے بعد کہ عمران خان کے ساتھ ان کا نکاح کہیں بھی رجسٹرڈ نہیں کرایا گیا، چیئرمین تحریک انصاف کی قومی اسمبلی سے نااہلیت کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ پاکستانی قانون کے مطابق اگر ایسا جان بوجھ کر کیا گیا ہے تو یہ ایک سنگین نوعیت کا جرم ہے۔ ریحام خان نے برطانوی جریدے سنڈے ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ 10ماہ کی شادی کے بعد وہ کوئی دعویٰ نہیں کر سکتیں کیونکہ ان کی شادی پاکستان اور برطانیہ میں کہیں بھی رجسٹرڈ نہیں تھی۔ مسلم فیملی لاء1961کے مطابق یہ ایک جرم ہے اور ثابت ہونے پر دلہا اور نکاح خوان کو تین ماہ جیل اور ہزار روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔ حافظ سعید جنہوں نے عمران اور ریحام کا نکاح پڑھایا تھا نے سنڈے ٹائمز کے انکشاف کی تردید نہیں کی۔ جب حافظ سعید سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ عمران کا ذاتی معاملہ ہے اور کسی کے ذاتی معاملہ میں مداخلت گناہ ہے۔ روزنامہ جنگ کے صحافی وسیم عباسی کی رپورٹ کے مطابق فیملی لاز کی معروف وکیل اسلام آباد کی فہمیدہ ناز کا کہنا ہے کہ نکاح رجسٹرڈ نہ کرانا سنگین جرم ہے اور ایسا اس لئے کیا جاتا ہے تاکہ طلاق کی صورت میں مالی فوائد حاصل کئے جا سکیں اور مطلقہ کو کچھ دینا نہ پڑے۔ ان کے مطابق پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 470 کے تحت ایسا کرنے والے کے خلاف مقدمہ قائم کیا جا سکتا ہے اور ثابت ہو جائے تو نکاح خوان کا لائسنس منسوخ ہو سکتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی سیکرٹری انفارمیشن شیریں مزاری سے فون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔ دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ عمران خان اور ریحام کا نکاح بنی گالا اسلام آباد میں رجسٹر نہیں ہوا جہاں شادی ہوئی تھی، مسلم فیملی لاء آرڈیننس کی شق 5 (2) کے تحت نکاح رجسٹرار متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین کے پاس شادی کو رجسٹر کرانے کا پابند ہے، بنی گالا علاقے کے معاملے میں نکاح کو اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ کے پاس رجسٹر ہونا چاہیے تھا، تاہم اے سی سیکرٹریٹ کیپٹن (ر) وقاص رشید نے تصدیق کی کہ عمران خان کی شادی ان کےدفتر میں رجسٹر نہیں ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ نکاح خواں سےرابطہ کیا جائے کہ اس نے شادی کو کہاں رجسٹر کرایا، نکاح پڑھانے والے قاضی، مفتی سعید سے پوچھا گیا کہ شادی کو کس یونین کونسل میں رجسٹر کرایا؟ تو ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کیونکہ یہ ایک ذاتی سوال ہے، میرا عمران خان اور نکاح میں شریک دوستوں سے وعدہ ہے میں شادی کی تفصیلات نہیں بتا سکتا۔