اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) فیس بک اور گوگل نے اپنے تمام سابقہ تنازعات کو ایک طرف رکھ کر ایک دوسرے سے تعاون کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فیس بک نے گوگل انڈیکس کو اپنی موبائل اپلیکشن میں پبلک انفارمیشن کے حصول کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ گوگل انڈیکس کی بدولت صارفین کو اپنے اسمارٹ فون پر فیس بک سے متعلق مواد کو سرچ کرنے میں مدد ملے گی۔ اگر آپ کسی فرد کی پروفائل گوگل پر تلاش کریں گے تو آپ اپلیکشن میں اس کا ڈائریکٹ لنک حاصل کرسکیں گے۔ اس سے ان صارفین کی زندگی کافی آسان ہوجائے گی جو براﺅزر اور فیس بک کی اپلیکشن کے درمیان بار بار جمپ لگانے پر مجبور ہوتے ہیں۔ فیس بک کی جانب سے یہ صارفین کو اپنی اپلیکشن کے اندر ہی رکھنے کی ایک اور کوشش ہے جبکہ گوگل کو اس کی مدد سے زیادہ اشتہارات اس سوشل میڈیا پر استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔ آسان الفاظ میں کہا جائے کہ گوگل کے ساتھ شراکت داری سے فیس بک کی موبائل اپلیکشن میں سرچ زیادہ دوستانہ یا بہتر ہوجائے گی۔ اس سے قبل گوگل کی جانب سے فیس بک کی عوامی معلومات جیسے پبلک پروفائلز، پیجز اور پوسٹس کو براہ راست موبائل اپلیکشن میں سرچ کرنے نہیں دیا جاتا تھا۔ تاہم فیس بک کی پرائیویٹ انفارمیشن تک گوگل کو رسائی نہیں دی جائے گی۔