لاہور (نیوزڈیسک) صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی پر پولنگ اسٹیشنز کے دوروں پر پابندی عائد کر دی ہے، اور امیدواروں کو متعلقہ تھانوں میں اسلحہ جمع کرانے کے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔ الیکشن کے 3 دن بعد انہیں ان کا اسلحہ واپس کر دیا جائے گا۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کے مرتکب امیدواروں کے اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 12 اضلاع ایک لاکھ 5 ہزار پولیس افسران و اہلکاران فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ جیت کی خوشی میں ریلی نکالنے اور ہوائی فائرنگ پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔