پیرس(نیوزڈیسک)فرانسیسی لڑاکا طیاروں نے منگل کو شام کے شمالی حصے میں دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ کے ٹھکانوں پر حملے کیے ، ادھر پولیس نے پیرس حملوں میں ملوث افراد کی تلاش میں گزشتہ شب ملک بھر میں 128 مقامات پر چھاپے مارے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی لڑاکا طیاروں نے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے شام میں مضبوط گڑھ الرقہ میں اس تنظیم کے کمانڈ سینٹر اور ایک ریکروٹمنٹ سینٹر کو نشانہ بنایا۔ فرانسیسی ملٹری کمانڈ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ملکی صدر فرانسوا اولاندو کی طرف سے داعش کے خلاف حملوں کا حکم دیے جانے کے بعد یہ مسلسل دوسری رات تھی جب شامی شہر الرقہ میں اس گروپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ان حملوں میں 10 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا جنہوں نے متحدہ عرب امارات اور اردن سے پرواز بھری۔ فرانسیسی دفاعی حکام کے مطابق امریکا نے انٹیلیجنس شیئرنگ کا سلسلہ بڑھا دیا ہے تاکہ پیرس کو اس دہشت گرد گروپ سے متعلق واضح اہداف تلاش کرنے میں مدد مل سکے۔ادھر فرانس کے اندر ملکی پولیس نے پیر اور منگل 17 نومبر کی درمیانی شب ان دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے والے افراد کی تلاش میں 128 چھاپے مارے۔ جمعہ 13 نومبر کی شام پیرس میں ہونے والے مختلف دہشت گردانہ حملوں میں مجموعی طور پر 129 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فرانسیسی وزیر داخلہ بیرنار کازینوو کے مطابق پولیس نے یہ چھاپے ملک کے مختلف حصوں میں مارے۔چھاپوں میں متعدداہم گرفتاریوں کی گئیں، ان کا کہنا تھا کہ پولیس ان خونریز حملوں کے سلسلے میں جاری تفتیشی عمل میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔