اسلام آباد (آئی این پی) وزارت سیفران کی دستاویز میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں 10لاکھ غیر رجسٹرڈ افغانی موجود ہیں‘ افغانیوں کی رجسٹریشن وزارت داخلہ کی وجہ سے زیر التواءہے پاکستان میں 14لاکھ 50 ہزار رجسٹرڈ افغانی موجود ہیں جن کی رجسٹریشن رواں سال 31دسمبر کو ختم ہوجائے گی۔ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد بارہ لاکھ آٹھ ہزار پی او آر کارڈز کی تجدید کی گئی ہے جبکہ تین لاکھ اکیس ہزار پانچ سال سے کم عمر بچے والدین کے کارڈز پر رجسٹرڈ ہیں‘ ملک بھر میں کیمپس میں موجود افغان پناہ گزینوں کی تعداد چار لاکھ چھیانوے ہزار نو سو سنتالیس ہے جبکہ کیمپوں سے باہر دس لاکھ اڑتیس ہزار افغان پناہ گزین موجود ہیں۔ وزارت سیفران کی دستاویز کے مطابق پی او آر کارڈز میں ایکسٹنشن کے لئے سفار شا ت کو وزارت سیفران کا تیار شدہ ڈرافٹ حکمت عملی برائے 2015 کے بعد مہاجرین کی وطن واپسی اور انتظام میں شامل کیا گیا ہے جون 2002سے اب تک تیس لاکھ نوے ہزار سے زائد افغان پناہ گزین رضا کا را نہ طور پر واپس جاچکے ہیں رواں سال جنوری سے اکتوبر تک مجموعی طور پر پچپن ہزار رجسٹرڈ افغان پناہ گزین بھی واپس بھیج دیئے گئے ہیں۔