لاہور(نیوزڈیسک)انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں نامزد عوامی تحریک کے 41کارکنوں کی ضمانتیں منظور کر تے ہوئے تمام ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں نامزد اصل ملزمان اور سیاسی شخصیات کو بچانے کے لئے عوامی تحریک کے کارکنوں کو بلا جواز مقدمے میں نامزد کیا گیا ۔پولیس کی مدعیت میں درج ہونے والی پہلی ایف آئی آر میں بھی عدالت ملزمان کی ضمانتیں منظور کر چکی ہے لہٰذا اس مقدمے میں بھی ضمانتیں منظور کی جائیں۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے سانحہ ماڈل ٹاون کی انکوائری کی اور عوامی تحریک کے 41کارکنوں کو مقدمے میں نامزد کرنے کی سفارش کی جس پر انکا مقدمے میں شامل کیا گیا لہٰذا ملزمان کی ضمانتیں منظور نہ کی جائیں۔تاہم عدالت نے فریقین کے وکلاکے دلائل سننے کے بعدعوامی تحریک کے 41کارکنوں کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔