فیصل آباد(نیوزڈیسک) فیصل آباد میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما بھولا گجر قتل کیس کی تفتیش میں نیا رخ سامنے آ گیا۔ ایک نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق نوید کمانڈو کے بعد تفتیشی آفیسر ایس ایس پی آپریشنز عرفان اللہ خان کے روبرو ایک اور ملزم ایاز ببلی نے بھی رانا ثنااللہ کی طرف انگلی اٹھا دی۔ ایاز ببلی کا کہنا ہے کہ بھولا گجر کا قاتل نوید کمانڈو فرخ وحید کا پرائیویٹ گن مین تھا۔ ایاز ببلی نے کہا کہ وہ متعدد بار رانا ثنا اللہ کے ڈیرے پر گیا اور وہاں فرخ وحید کو بھی کئی مرتبہ دیکھا۔ ایس ایس پی آپریشنز عرفان اللہ نے ایاز ببلی کی موجودگی میں رانا ثنا اللہ سے ان الزامات پر سوالات کئے تاہم وزیر قانون نے تمام الزامات مسترد کر دئیے۔ رانا ثناء اللہ نے ایاز ببلی کے الزامات کا زبانی جواب دیا جبکہ نوید کمانڈو کے الزامات کا تحریری طور پر دفاع کیا اور کہا کہ انہیں سازش کے تحت بھولا گجر قتل کیس میں الجھایا جا رہا ہے۔ ایاز ببلی کو گذشتہ ماہ انٹر پول کے ذریعے گرفتار کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے 23 نومبر کو تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔