شارجہ (نیوزڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس نے کہاہے کہ یونس خان کا ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچانک اور ان کیلئے کسی دھچکے سے کم نہ تھا۔ یونس خان کو پوری سیریز کھیلنی چاہیے تھی لیکن انھوں نے وہی کیا جو انھوں نے سوچا۔خواہش ہے کہ وہ ٹیسٹ کر کٹ میں 10ہزار رنز مکمل کریں،قومی ٹیم تیسرا ون ڈے جیت کر سیریز میں کم بیک کرے گی،ون ڈے ٹیم تشکیل نو کے مر حلے سے گزر رہی ہے جس کی وجہ سے ٹیم میں ردوبدل کر رہے ہیں ، تجربات کا مقصد چیمپیئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کو سیٹ کرنا ہے ، احمد شہزاد کی ٹیم میں جگہ اس لیے نہیں بن پا رہی ہے کیونکہ ٹیم کو چھٹے بولر کی ضرورت پڑتی ہے، اور انھیں باہر بٹھائے کا تعلق ڈسپلن سے نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے وقاریونس نے کہا کہ یونس خان کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچانک تھا اور ہم سب کے لیے دھچکہ تھا۔ تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ یونس خان بہت بڑے بیٹسمین ہیں اور جس طرح وہ کھیلتے آرہے ہیں انھیں ان پر فخر ہے اور انھیں امید ہے کہ وہ جس طرح کھیل رہے ہیں وہ ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کر لیں گے۔پاکستانی ٹیم کے کوچ کو یقین ہے کہ ان کے کھلاڑی تیسرے ون ڈے میں ایک بار پھر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ون ڈے کی مایوس کن کارکردگی کی تلافی کردیں گے۔ وقاریونس کا کہنا ہے کہ دوسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم بہت خراب کھیلی خاص طور پر بیٹنگ میں کارکردگی مایوس کن رہی۔ کوشش کریں گے کہ تیسرے ون ڈے میں ایسا نہ ہو۔وقاریونس کا کہنا ہے کہ وکٹیں گرنے سے رنز کی رفتار رک جاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ آج کل کی ون ڈے کرکٹ بالکل بدل گئی ہے جس میں رنز کی رفتار نہیں رکتی۔وقاریونس کے خیال میں جب ٹیم تشکیل نو کے عمل سے گزر رہی ہوتی ہے تو اس میں ردوبدل بھی اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ نئے کھلاڑیوں کو مواقع دیے جاتے ہیں۔ اگر اب انھیں مواقع نہیں ملیں گے تو پھر کب ملیں گے؟ یہی آئیڈیل وقت ہے تجربے کرنے کا۔وقاریونس کا کہنا ہے کہ ان تجربات کا مقصد بھی یہی ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ تک ٹیم سیٹ ہو جائے۔انھوں نے بابر اعظم کو اوپنر کے طور پر کھلانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ بنیادی طور پر اوپنر ہیں اسی لیے انھیں دوسرے ون ڈے میں اوپنر کے طور پر کھلایا گیا۔ یونس خان کی وجہ سے انھیں پہلے ون ڈے میں چھٹے نمبر پر کھلایا گیا تھا۔ نوجوان کرکٹروں کو جب تک آپ ترقی نہیں دیں گے انھیں مواقع نہیں دیں گے اس وقت تک ٹیم نہیں بنے گی۔وقار یونس پاکستانی ٹیم کی موجودہ فیلڈنگ سے بہت مطمئن ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیم میں آنے سے فیلڈنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔وقاریونس کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کی ٹیم میں جگہ اس لیے نہیں بن پا رہی ہے کیونکہ ٹیم کو چھٹے بولر کی ضرورت پڑتی ہے، اور انھیں باہر بٹھائے کا تعلق ڈسپلن سے نہیں ہے