لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے بھارت نہیں جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق شہریار خان نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان سیریز متحدہ عرب امارات میں ہونی چاہئے اس لئے پاکستانی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2007ءاور 2012ءمیں بھارت جا کر سیریز کھیل چکا ہے اس لئے اب متحدہ عرب امارات میں ہی سیریز ہونی چاہئے، بھارت میں جا کر کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بھارت میں 2 سیریز کھیل چکا ہے اورمعاہدے کے تحت دونوں ممالک کو سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنی ہے۔ انہوں نے کہا بھارت دبئی میں آئی پی ایل کے میچز کھیل چکا ہے تو پھر پاکستان کے خلاف سیریز کیوں نہیں کھیل سکتا۔ واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کو سریز کھیلنے کیلئے بھارت آنے کی دعوت دی تھی اور کہا تھا کہ سیریز سے حاصل ہونے والا منافع بھی آدھا آدھا بانٹ لیا جائے گا۔