میانوالی(نیوز ڈیسک)چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کا خطاب سننے کیلئے چھت پر چڑھے لوگوں کے وزن کی وجہ سے چھت گرگئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق موسیٰ خیل روڈ پر عمران خان ریلی سے خطاب کررہے تھے جن کا خطاب سننے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد موجودتھی۔ کچھ لوگ عمران خان کا خطاب سننے کیلئے قریبی کچی مٹی کی بنی مسجد کی چھت پر چڑھ گئے۔لوگوں کا وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے مسجد کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ مسجد کے دروازے کو تالا لگا ہوا تھا جائے وقوعہ کے قریب ہی لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہونے کی وجہ سے لوگوں نے فوری طور پر اپنی مددآپ کے تحت دروازہ توڑ کر امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبنے والے افراد کو نکال لیا۔ملبے سے نکالے گئے افراد میں 4 سے 5 افراد ایسے ہیں جن کو چوٹیں آئی ہیں لیکن دیگر کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور کسی قسم کا جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال میانوالی منتقل کردیا گیا ہے۔