لیما (نیوزڈیسک) سائنسدانوں نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے پرو کے گلیشیرز خطرناک شرح سے پگھل رہے ہیں جس سے برف کا بڑا تودہ گرنے یا پھر سونامی جیسی لہروں کا خطرہ ہے۔ پرو میں گلیشیرز کے ماہرین کی ایک تحقیقاتی ٹیم کے مطابق ماضی کے مقابلے میں گزشتہ 30سالوں کے دوران گلیشیرز کے پگھلنے کی شرح میں 3سے 4گنا اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کی یہ ٹیم 2013ءسے پرو کے گلیشیرز کا ڈیٹا اکھٹا کر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق گرین ہاﺅس گیسوں میں اضافہ گلیشیرز پگھلنے کی بنیادی وجہ ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زلزلوں کا شکار پرو کے پہاڑی سلسلوں میں گلیشیرز پگھلنے سے بڑا برفانی تودہ گرنے، سونامی جیسی لہروں اور تباہ کن سیلاب کا خطرہ ہے۔