اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل اور اسکے تحفظ کیلئے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ چینی فوج کے جنرل فان چینگ لونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے بہترین دوست، فولادی تعلق والے بھائی اور اسٹریٹیجک پارٹنرز ہیں، چین انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور استقامت کا معترف ہے اور مختلف شعبوں میں کامیاب آپریشنز کو سراہتا ہے۔چین کیخلاف برسرپیکار انتہا پسند تنظیم ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) کیخلاف پاکستانی فوج کی کوششوں کو چین قدر کی نظر سے دیکھتا ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل فان چینگ لونگ نے گزشتہ روز وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین کیساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عصر حاضر کی دنیا میں بے مثال تعلقات استوار ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزمودہ دوستی باہمی مضبوط اعتماد، تعاون اور علاقائی اور عالمی امور پر یکساں خیالات پر مبنی ہے۔جنرل فان چینگ لونگ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے نمٹنے کے بارے میں مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔ جنرل فان چینگ لونگ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جمعرات کو جی ایچ کیو کا دورہ بھی کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 11سال بعد چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔ جنرل راحیل شریف کیساتھ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور اس کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے اقدامات اور باہمی دفاعی تعاون میں اضافے جیسے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اورتعاون پر مبنی اور وقت کی تمام آزمائشوں پر پورے اترنے والے تعلقات قائم ہیں۔ آنیوالے وقت میں ان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ پاک چین دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے جنرل فان چینگ لونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے بہترین دوست، فولادی تعلق والے بھائی اور اسٹریٹیجک پارٹنرز ہیں۔ دونوں ممالک باہمی اعتماد اور تعاون کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ چین انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور استقامت کا معترف ہے اور مختلف شعبوں میں کامیاب آپریشنز کو سراہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چین کیخلاف برسرپیکار انتہا پسند تنظیم ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) کیخلاف پاکستانی فوج کی کوششوں کو چین قدر کی نظر سے دیکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کیلئے یکساں اہمیت اور فوائد کا حامل ہے۔ دونوں ممالک اس منصوبے پر کام جاری رکھنے اور اس کی کامیابی کیلئے کوشاں رہنے کے عزم پر قائم ہیں۔راہداری کے تحفظ کے سلسلے میں پاکستانی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ اس منصوبے کی سیکیورٹی اور مناسب مینجمنٹ کے سلسلے میں پاکستان کیساتھ قریب تعاون کریںگے۔ انہوں نے منصوبے کو قابل عمل بنانے اور پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں جنرل راحیل شریف کے کردار کی بھی تعریف کی۔ اس سے قبل جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے ایک چاک و چوبند دستے نے چین کے اعلی فوجی اہلکار کو سلامی دی۔ جنرل فان چینگ لونگ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔جنرل فان چینگ لونگ نے جائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا اور چیئرمین جوائنٹ چیفس ا?ف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص جیو اسٹریٹجک صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ علاوہ ازیں چینی دفاعی ادارے ”سٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹری فار نیشنل ڈیفنس“ کے وائس ایڈمنسٹریٹر ڑو زینبن کی قیادت میں چینی وفد نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کی۔ اس دوران چینی وفد نے پاکستان کیساتھ دفاعی شعبے میں تعاون اور فوجی تعلقات میں اضافے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھئیے:ریحام خان نے کس طرح پی ٹی آئی کو اپنے ذاتی اور مالی مفاد کے لئے استعمال کیا؟ تہلکہ خیز انکشافات
ریحام خان کے کمرے سے کیا نکلا ؟ ایک سینئر تجزیہ کار نے ہر راز سے پردا ہٹا دیا
پاکستان فولادی بھائی ہے، ایسٹ ترکستان موومنٹ کےخلاف قابل قدرکام کیا، چینی جنرل
13
نومبر 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں