اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان اقوام متحدہ کے تعلیم سائنس وثقافت کے ادارے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کا ایک بار پھر رکن منتخب ہو گیا-دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کیلئے انتخابی عمل فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہوا جس کے دوران پاکستان کو 2015ءسے 2019ءتک کیلئے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب کر لیاگیا ہے-واضح رہے کہ پاکستان کو 1978ءسے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن رہنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے-اقوام متحدہ کے مختلف اداروں اور شعبوں کیلئے 2013ءسے ہونے والے 22 انتخابات میں سے پاکستان نے 21 میں کامیابی حاصل کی-بیان کے مطابق یونیسکو کےلئے ایک بار پھر پاکستان کا انتخاب متعلقہ شعبوں میں اس کی کارکردگی کا اعتراف ہے-اس موقع پر پاکستان یونیسکو کے مقاصد کے فروغ پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور اپنی آئندہ مدت کے دوران پاکستان اس عزم پر کاربند رہے گا-