اسلام آباد(نیوزڈیسک)جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ صدر پاکستان کی طرف سے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ثالثی کی پیشکش خوش آئند ہے .فوج اور حکومت کو بیانات کی بجائے روابط بہتر رکھنے چاہئیں .ایک بیان سے جمہوریت و آئین کو کوئی خطرہ نہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی طرف سے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ثالثی کی پیشکش خوش آئند ہے جس پر میں انہیں مبارکباددیتا ہوں۔ ثالثی سے پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔ آپس کی لڑائی سے نقصان عوام کا ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت و آئین کو کوئی خطرہ نہیں، فوج اور حکومت کو روابط بہتر کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت کے درمیان مسائل کے حل کے لئے فورم موجود ہے، ادارے اکیلے کوئی کام نہیں کر سکتے اس لئے ان کو ہر سطح پر تعاون درکار ہوتا ہے۔