اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ تمام اداروں کو آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے‘ پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے سے سسٹم‘ آئین اور قانون کی حکمرانی مضبوط ہوگی۔ جمعرات کو اجلاس کے دور ان نکتہ اعتراض پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ پارلیمنٹ خودمختار اور فعال ادارہ ہے‘ آئین کی پاسداری اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کو شخصی تنقید سے گریز کرنا چاہیے .حکومت دہشتگردی اور توانائی کے بحران کے خاتمے ‘ معیشت کے استحکام اور خارجہ پالیسی کو بہتر بنانے کے امور پر کام کر رہی ہے۔ کنٹینر پر وقت ضائع نہ کیا جاتا تو آج صورتحال بہت بہتر ہوتی۔ اس موقع چیئر مین سینٹ نے ریمارکس دیئے کہ داروں کو آئین کے دائرہ میں رہ کر وفاق کے امور کار کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ پارلیمنٹ کا ان کیمرہ مشترکہ اجلاس بلائیں۔ اگر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہیں بلایا جاتا تو سینٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلا کر اس میں خارجہ پالیسی اور نیشنل ایکشن پلان کو زیر بحث لایا جائے۔