اکوڑہ خٹک(نیوزڈیسک)چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں نفرت پھیلانے والے مدارس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے اکوڑہ خٹک میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی جس میں ملک میں موجودہ صورتحال سمیت افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مدرسوں اور چیرٹی ہومز پر ود ہولڈنگ ٹیکس لگانا زیادتی ہے جب کہ حکومت یہ سب کچھ آئی ایم ایف کے کہنے پر کررہی ہے۔چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جو دینی مدارس نفرتیں پھیلارہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ انہیں دورہ افغانستان کی کوئی دعوت نہیں دی گئی ہے۔