راولپنڈی (نیوزڈیسک)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت بے نظیر بھٹو قتل کیس میں استغاثہ کے گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کے ویڈیو لنک کے زریعے بیان کو چیلنج کرنے کی درخواست پر باقاعدہ سماعت 11نومبر کو کرے گی جس میں فریقین کے وکلاءبحث کریں گے ‘ بیان چیلنج ہونے پرمارک سیگل کے بیان پر ویڈیو لنک کے زریعے جرح بھی منسوخ ہوگئی تھی ۔بے نظیر بھٹو قتل کیس کی گذشتہ سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رائے محمد ایو ب مارتھ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں گرفتار ملزم عبدالرشید کے وکیل راﺅ عبدالرحیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں فریقین کو نوٹسز جاری کیے تھے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کا ٹرائل آرٹیکل 10-Aکے مطابق نہیں ہو رہا اور استغاثہ کے گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کے ویڈیو لنک کے زریعے دیئے گئے بیان کی قانونی اہمیت نہیں ہے ‘اگر استغاثہ مارک سیگل کا بیان ضروری سمجھتی ہے تو اسے عدالت میں طلب کر کے بیان لیا جائے تا کہ سامنے جرح ہوسکے۔