سرگودھا(نیوزڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کو بچانے کےلئے اسپیکر کے انتخاب میں ایاز صادق کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سرگودھا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لیے اسپیکر کے انتخاب میں ایاز صادق کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی اسمبلی کی اسپیکرشپ کےمعاملے پر شفقت محمودسے رابطہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے، دوسرے صوبوں کی بات چھوڑیں، پنجاب میں بھی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں اور حکومت میٹرو بسوں اور ٹرینوں پر پیسے ضائع کررہی ہے۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں احتساب بلا تفریق ہونا چاہیے، کرپشن کے نام پر انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے، کیا پنجاب کے حکمران دودھ کے دھلے ہوئے ہیں جو صرف سندھ میں کارروائی کی جارہی ہے۔ عمران خان کی ریحام سے طلاق کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اب تیسری شادی کرنی ہے یا نہیں عمران خان سے پوچھا جائے تاہم عمران خان کو ان مشورہ ہے کہ وہ کچھ روز کے لیے چھٹیوں پر چلے جائیں۔