کراچی (این این آئی) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدرمخدوم امین فہیم کی طبیعت بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے ، آئندہ ہفتے مخدوم امین فہیم کو مزید علاج کے لئے امریکہ لے جائے جانے کا امکان ہے حتمی فیصلہ ڈاکٹروں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔اتوار کو مخدوم امین فہیم کے ترجمان محمد اسلم پیرزادہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم امین فہیم کے انتقال کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر افسوس ہوا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں مرید رنجیدہ ہوئے ہیں معلوم نہیں ہے کہ ایسی بے بنیاد خبر کس نے میڈیا کو دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم کی طعبیت پہلے سے بہتر ہے اور انہیں اب بیڈ سے اٹھا کر ویل چیئرپر ورزش بھی کرائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کی مشاورت سے آئندہ ہفتے مخدوم امین فہیم کو مزید علاج کے لئے امریکا لیکر جائیں گے تاہم حتمی فیصلہ ڈاکٹرز کریں گے ۔اسلم پیزادہ کا کہنا تھا کہ اسپتا ل سے گھر منتقل کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔بعدازاں سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کلفٹن میں نجی اسپتال میں ان کی عیادت کی اورجلد صحت یابی کے لئے دعاکی۔